186
ارد ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لیکزنگٹن میں ایک چرچ کے اندر فائرنگ کے واقعے میں دو خواتین ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے
ہلاک ہونیوالوں میں ایک اسٹیٹ پولیس افسر بھی شامل ہے۔ بعد ازاں پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، واقعہ اس وقت شروع ہوا جب بلیوگراس ایئرپورٹ کے قریب ایک پولیس افسر نے مشتبہ نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں موجود شخص نے اچانک فائرنگ کر دی، جس سے پولیس افسر زخمی ہو گیا۔
حملہ آور نے موقع سے فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی چھینی اور بیلووڈ ڈرائیو کے 3700 بلاک تک پہنچا، جہاں سے وہ رِچمنڈ روڈ پر واقع ایک بیپٹسٹ چرچ میں داخل ہوا اور وہاں موجود افراد پر فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جن کی عمریں 72 اور 32 سال بتائی گئی ہیں، جبکہ دو مرد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک اور دوسرے کی مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
لیکزنگٹن پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور کا چرچ میں موجود افراد سے کوئی ذاتی تعلق ہو سکتا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آور کی شناخت اس کے خاندان کو اطلاع دینے کے بعد عام کی جائے گی۔فائیٹ کاؤنٹی کورونر آفس جاں بحق افراد کی شناخت جاری کرے گا۔