9
ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے 23 جون کو قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے، لعدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔
یہ حملہ خاص طور پر اُس عمارت کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا جسے "ڈوم” (Dome) کہا جاتا ہے، جو امریکی افواج کی کمیونیکیشن سیکیورٹی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔پینٹاگون کے مطابق، یہ حملہ ایرانی افواج کی جانب سے اُس 12 روزہ جنگ کے دوران کیا گیا جو ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تھی۔ حملے کا مقصد مبینہ طور پر امریکی حملے کے جواب میں طاقت کا مظاہرہ کرنا تھا۔
اس واقعے کے بعد سامنے آنے والی سیٹلائٹ تصاویر میں حملے سے قبل اور بعد کی صورتحال واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ حملے کے بعد کی تصاویر میں "ڈوم” کی تباہی نمایاں ہے، جو اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ میزائل حملہ نہایت مؤثر تھا۔
امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے حملے کے بارے میں اشارہ دے دیا گیا تھا، جس کی بنیاد پر امریکی اور قطری افواج کو بروقت الرٹ کر دیا گیا اور بیس کو جزوی طور پر خالی کرا لیا گیا، جس سے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
تاحال قطر کی حکومت کی جانب سے اس حملے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، تاہم بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد جنگ بندی کے لیے راہ ہموار ہوئی، اور ایران و اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ اختتام پذیر ہو گئی۔