193
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایشیا کپ کے بڑے ٹاکرے پاکستان بمقابلہ بھارت سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک نیا متنازعہ پروپیگنڈا سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ایک "ٹییزر” جاری کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) پاکستان کے خلاف کارروائی پر غور کر رہی ہے۔بھارتی رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل ٹورنامنٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کی اور میچ میں تاخیر کی۔ اس تاخیر کی وجہ پاکستانی ٹیم کا احتجاج بتایا گیا، جو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے کے فیصلے پر کیا گیا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب بھارتی میڈیا کی "من گھڑت رپورٹنگ” ہے، جس کا مقصد پاک-بھارت میچ سے قبل دباؤ ڈالنا اور ماحول کو آلودہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے صرف اپنے جائز تحفظات ریکارڈ کرائے تھے، جو ہر ٹیم کا حق ہے۔
مزید یہ کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی نے پی سی بی کو ای میل کے ذریعے "Players and Match Officials Area Protocol” کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے، لیکن تاحال اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے مؤقف کے مطابق یہ تمام الزامات بھارت کی ایک نئی سازش ہیں تاکہ پاکستان کی کامیابیوں کو دبایا جا سکے۔
ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارت مسلسل میدان سے باہر تنازعات کو ہوا دے رہا ہے، جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنی شاندار فارم اور کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ میں سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر ابھری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی میڈیا کو خوف لاحق ہے اور وہ جھوٹی خبروں کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہا پاکستانی شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی سازشوں سے میچ کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہو سکتا اور اصل جواب میدان میں ملے گا۔