سعودی حکومت نے برطانیہ کی حج ٹریول انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے تناظر میں حج پیکجز کے لیے ایک نیا عالمگیر نظام فعال کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونیورسل سسٹم کو فعال کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا سسٹم فراڈ کو روکنے اور حج کو مزید قابل رسائی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت حج کے خواہشمند براہ راست پورٹل پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کی رجسٹریشن، فیس کی وصولی اور ویزوں کا اجرا آن لائن کیا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق نئے پورٹل میں یو کے ٹریول ایجنٹس کو خارج کر دیا گیا ہے جس سے کمپنیاں صارفین کو موجودہ بکنگ واپس کرنے پر مجبور ہو جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی حج ٹریول انڈسٹری میں دھوکہ دہی کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں غیر قانونی آپریٹرز عازمین حج کے ہزاروں پاؤنڈ لے کر غائب ہو جاتے ہیں۔
آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے حج و عمرہ کی سربراہ رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے اس حوالے سے کہا کہ انہوں نے سعودی حکومت کو بتایا ہے کہ ان کے پیکجز برطانوی سفری ضوابط پر پورا نہیں اترتے۔
یاسمین قریشی کا کہنا ہے کہ میں نے پورے پورٹل کے رول آؤٹ کے بارے میں وزارت کو خط لکھ دیا ہے۔ پرانے نظام میں کسی خرابی کی صورت میں معاوضہ دیا جاتا تھا لیکن نئے نظام میں خواہشمندوں سے کوئی غلطی ہوئی تو اس کا ازالہ کیسے کیا جائے گا؟