13
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ریاض سعودی عرب میں اقامہ، محنت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن
صرف ایک ہفتے کے دوران 22 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، گرفتار شدگان میں سب سے زیادہ تعداد اُن افراد کی ہے جنہوں نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ایسے 13,835 افراد کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔مزید برآں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4,772 افراد اس وقت گرفتار ہوئے جب وہ غیرقانونی طور پر سعودی عرب کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے اور وہ مختلف غیر قانونی راستوں سے سعودی عرب داخل ہونا چاہتے تھے۔
اس کے علاوہ، محنت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 3,540 غیر ملکی مزدور بھی حکام کے نشانے پر آئے اور انہیں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں زور دیا کہ مملکت میں قانون کی پاسداری ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور غیر قانونی رہائش یا کام کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
ادھرسعودی اینٹی کرپشن اتھارٹی کی جانب سے بھی جولائی 2025 کے دوران بدعنوانی کے متعدد کیسز میں تحقیقات کی گئیں۔ ان تحقیقات کے نتیجے میں 425 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جن میں سے 142 کو رشوت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔سعودی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف غیرقانونی تارکین بلکہ کرپشن میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت اقدامات جاری رہیں گے۔