5
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مسلسل شکستوں، معاون کوچ کی برطرفی اور جنرل منیجر کی وضاحتی پریس کانفرنسوں کے دباؤ میں گھری
ٹورنٹو میپل لیفز نے کرسمس سے قبل وقتی سہی، مگر بڑی راحت حاصل کر لی۔ میپل لیفز نے پٹسبرگ پینگوئنز کو 3-6 سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ہار کے سلسلے کا خاتمہ کر دیا۔میچ کے ہیرو میکس ڈومی رہے، جنہوں نے 23 میچز تک گول نہ کرنے کا سلسلہ توڑتے ہوئے فیصلہ کن گول اسکور کیا اور ایک اسسٹ بھی دیا۔ اس فتح کے بعد ٹورنٹو میپل لیفز کا سیزن ریکارڈ 16 فتوحات، 15 شکستیں اور 5 اوور ٹائم ہارز ہو گیا۔یہ کامیابی اس بدترین روڈ ٹرپ کے فوراً بعد حاصل ہوئی جس میں ٹورنٹو کو تینوں میچز میں مجموعی طور پر 14-4 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔میچ کے بعد ہیڈ کوچ کریگ بیروبے نے مسکراتے ہوئے کہاکہ “یہ جیت ہمارے لیے ایک بڑا حوصلہ ہے، کم از کم اب میری کرسمس بہتر گزرے گی۔”میچ سے چند گھنٹے قبل جنرل منیجر بریڈ ٹری لیونگ نے ٹیم کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے ہیڈ کوچ کریگ بیروبے پر اعتماد کا اظہار کیا، اسسٹنٹ کوچ مارک ساوارڈ کی برطرفی کی وضاحت کی اور اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ آیا سیزن کے وسط میں ٹیم کے بڑے کھلاڑیوں کو ٹریڈ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
ٹری لیونگ نے واضح کیا کہ کپتان آسٹن میتھیوز نے کسی ٹریڈ کی درخواست نہیں دی اور انتظامیہ کسی بڑے کھلاڑی کو فارغ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ “ہم اس سیزن پر ابھی سفید جھنڈا نہیں لہرا رہے، ہم مقابلہ جاری رکھیں گے۔”میپل لیفز کی سب سے بڑی کمزوری پاور پلے رہی ہے۔ ٹیم لیگ کی بدترین پاور پلے کارکردگی کے ساتھ میچ میں داخل ہوئی، جہاں 90 مواقع میں صرف 12 گول کیے گئے جبکہ 4 شارٹ ہینڈڈ گول بھی کھائے گئے۔ ٹری لیونگ کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کی ذمہ داری اب اسسٹنٹ کوچ ڈیرک لالونڈے کو سونپی گئی ہے۔اگرچہ اس میچ میں میپل لیفز کو صرف دو منٹ کا پاور پلے ملا اور وہ اس میں کوئی گول نہ کر سکے، تاہم کریگ بیروبے نے بعد میں وضاحت کی کہ کوچنگ اسٹاف تمام پہلوؤں کا ازسرِنو جائزہ لے رہا ہے۔ فیصلہ کن گول چار کے مقابلے چار کھلاڑیوں کی صورتحال میں آیا، جو ایک مختصر چار کے مقابلے تین پاور پلے کے فوراً بعد ہوا۔میپل لیفز کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری دفاعی کھلاڑی کرس ٹینیو کی واپسی تھی، جو بالائی جسم کی چوٹ کے باعث 23 میچز سے باہر تھے۔ اگرچہ وہ پہلے پیریڈ میں ریان رسٹ کے گول پر ناکام دکھائی دیے، مگر میچ آگے بڑھنے کے ساتھ انہوں نے اپنی فارم حاصل کر لی اور جیک مککیب کے ساتھ مل کر ایک مضبوط دفاعی جوڑی بنائی۔
میکس ڈومی نے ٹینیو کی واپسی کو ٹیم کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ “وہ ہمارے لیے بہت قیمتی ہیں، ہم خوش قسمت ہیں کہ وہ واپس آ گئے۔”دوسرے پیریڈ میں اسٹیون لورینٹز کے بریک اوے گول کے بعد ٹورنٹو نے 1-3 کی برتری حاصل کی، تاہم پٹسبرگ نے تیسرے پیریڈ کے آغاز میں صرف 60 سیکنڈ کے اندر میچ برابر کر دیا۔لورینٹز نے کہاکہ “ہم اس وقت جیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن ہم ہار ماننے والی ٹیم نہیں ہیں۔ ہم ہر رات پوری محنت کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔”لورینٹز نے اپنی سابق ٹیم سان جوزے شارکس کے ساتھی ایرک کارلسن سے پک چھین کر اہم گول اسکور کیا، جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شاید کارلسن کا پاؤں پھسل گیا ہوگا کیونکہ وہ عام طور پر بہت تیز ہیں۔