54
اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں لگاتار ہونے والی شدید بارشوں نے صورتحال کو خوفناک بنا دیا ہے۔
مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے جن میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ صرف جموں شہر میں صبح 8 بجے سے رات گئے تک تقریباً 360 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو حالیہ برسوں میں غیر معمولی تصور کی جارہی ہے۔
متاثرہ علاقوں میں جموں، سانبا، کٹھوعہ، ادھم پور اور راجوری شامل ہیں، جہاں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں زیادہ تر ہلاکتیں دوڈہ اور ویشنو دیوی یاترا کے راستے پر ہوئیں۔حکومت نے صورتحال کے پیشِ نظر تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ہنگامی امدادی سرگرمیوں اور امن و امان سے متعلق اداروں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم فی الحال جنوبی جموں، کٹھوعہ اور ادھم پور کے کچھ حصوں پر موجود ہے، جس کے باعث مزید بارش اور گرج چمک کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقامات پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ مقامی افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پہاڑی ڈھلوانوں اور خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔