اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اتوار کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کا دورہ کیا۔
پرویز الٰہی نے دورے کے دوران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت اسٹڈیز کے مختلف سیکشنز بشمول لائبریری، آڈیٹوریم اور دفاتر کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے جون 2006 میں سیرت اکیڈمی اور قرآن کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا اور 18 نومبر 2007 کو اس کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کا قیام حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مقدس تعلیمات کے فروغ کے لیے کیا گیا تھا۔ انہوں نے حکام کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں قرآنی آیات کی نمائش اور لائبریری کو اپ گریڈ اور ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کی جائیں گی اور مدینہ یونیورسٹی، جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر ممتاز یونیورسٹیوں کے اشتراک سے یہ کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ادارے میں قرآن میوزیم بھی بنایا جائے گا جہاں قرآن کے قیمتی اور نایاب نسخے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں مذہبی نصاب کے حوالے سے بھی تحقیقی کام کیا جائے گا۔