اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے کامیڈین مسعود خواجہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
مسعود خواجہ نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور مقبول ڈرامے ‘گیسٹ ہاؤس میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد بطور کامیڈین شہرت حاصل کی۔
اپنے فنی کیریئر کے آغاز میں انہوں نے سنجیدہ کردار ادا کیے تاہم معاون کرداروں سمیت منفی کردار بھی ادا کیے
انہوں نے سٹیج سمیت ریڈیو پاکستان کے لیے بھی کام کیا اور بیرون ملک تھیٹرز میں پرفارم کیا، لیکن بطور مزاح نگار شہرت حاصل کی۔
پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں میں معاون اور مزاحیہ کردار ادا کرنے کے بعد انہوں نے مختلف نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی بطور مزاح نگار اپنے آپ کو منوایا۔
کچھ عرصہ تک مسعود خواجہ ٹی وی چینلز کے مزاحیہ رئیلٹی ٹاک شوز میں بطور کامیڈین شرکت کرتے رہے اور اپنے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔
مسعود خواجہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور زیر علاج تھے تاہم 20 جون کو ان کا انتقال ہوگیا۔