وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں صوبوں نے بجلی بچانے کے لیے رات ساڑھے آٹھ بجے بازار بند کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔ تاہم سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے اس حوالے سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے۔
وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی جبکہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کی۔
بیان کے مطابق وزرائے اعلیٰ نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور چاروں صوبوں نے رات 8.30 بجے بازار بند کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں تجارتی اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کرنے کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے۔
بیان کے مطابق وزرائے اعلیٰ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک گیر اقدامات سے متعلق وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے اتفاق کیا اور بحران سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔