16
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کے لیے کوششیں تیز کرے گا ۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے مغربی کنارے اور غزہ کی علاقائی سالمیت پر بیان دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی علاقائی سالمیت کا احترام کرے۔وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کے لیے ہر فورم پر کوششیں تیز کرے گا اور آئندہ ہفتے دو ریاستی حل پر اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔کینیڈین وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھوک سے مرنے والے بچوں کے لیے کینیڈین امداد روک رہا ہے، انسانی المیے پر قابو پانے میں ناکامی پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک اور متنازع قدم اٹھاتے ہوئے فلسطین کے مغربی کنارے کو الحاق کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔
ادھر اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں مظاہرین ایک بار پھر نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت سے غزہ میں جنگ بندی کا اعلان کرنے، قیدیوں کی واپسی اور فلسطینیوں کو خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔