اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی طویل عرصے سے کونسلر فرانسس نونزیاتا نے بلدیاتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ انتخابی میدان میں موجود ہیں اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ رہیں۔
فرانسس نونزیاتا نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ ان کی انتخابی مہم سے دستبرداری کی اطلاعات بالکل غلط ہیں اور ان کا مقابلے سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق، ان کی امیدواری سے متعلق غلط معلومات پھیلانا خصوصاً قبل از وقت ووٹنگ کے دوران ووٹروں کو گمراہ کرسکتا ہے۔
دستبرداری کی خبر پر سخت ردعمل
جمعے کو بعض ذرائع کی جانب سے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ نونزیاتا بلدیاتی انتخابات سے دستبردار ہونے والی ہیں، جبکہ انتخابات میں صرف دو ہفتوں سے کچھ زیادہ وقت باقی رہ گیا ہے۔
نونزیاتا نے جمعے کو ان اطلاعات پر براہ راست ردعمل نہیں دیا، تاہم ہفتے کی رات جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی انتخابی مہم میں پوری طرح سرگرم ہیں اور ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے غلط معلومات پھیلانے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایسی اطلاعات کی تشہیر بند کریں۔
1997 سے کونسلر، کانٹے کا مقابلہ متوقع
فرانسس نونزیاتا 1997 سے ٹورنٹو کے حلقے یارک ساؤتھ ویسٹن کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ وہ سٹی کونسل کی سب سے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والی رکن ہیں اور 2010 سے کونسل میں اسپیکر کے فرائض بھی انجام دیتی رہی ہیں۔
اس مرتبہ ان کا مقابلہ چیئارا پادووانی سے ہے۔ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں نونزیاتا نے پادووانی کو صرف 94 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی، جس کے باعث اس بار بھی حلقے میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :البرٹا میں کینیڈا سے علیحدگی کی بحث کہاں سے شروع ہوئی، 46 سالہ سیاسی کشمکش ریفرنڈم تک کیسے پہنچی
عوامی خدمت جاری رکھنے کا عزم
نونزیاتا نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے 40 سال سے زیادہ عرصہ عوامی خدمت کے لیے وقف کیا ہے اور اس دوران مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے یارک ساؤتھ ویسٹن کے شہریوں کے حقوق کے لیے کام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کے لیے ان کا عزم آج بھی برقرار ہے اور وہ انتخابی دن تک اپنی مہم جاری رکھیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ انتخابی مقابلے میں موجود ہیں، پیچھے ہٹنے والی نہیں اور اپنے حلقے کے شہریوں کے لیے کام کرنے کا سلسلہ ختم نہیں کررہیں۔
ٹورنٹو کے بلدیاتی انتخابات سے قبل نونزیاتا کی جانب سے دستبرداری کی خبروں کی تردید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے حلقے میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ اب انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں ووٹروں کی حمایت فیصلہ کن اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
