اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی وزیراعظم مارک کارنی کی حکومت نے امریکی تجارتی پالیسیوں اور عالمی معاشی دباؤ کے مقابلے کے لیے نیا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات کے لیے نئی بین الاقوامی منڈیاں تلاش کرنے کا منصوبہ سامنے رکھ دیا ہے۔
بجٹ کا مرکزی تصور ’’ماسٹرز آف آور ڈیسٹنی‘‘ یعنی اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے پر مبنی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ کینیڈا کو اپنی معاشی ترقی کے لیے صرف امریکی مارکیٹ پر انحصار کرنے کے بجائے یورپ، ایشیا اور دیگر عالمی منڈیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا ہوں گے۔
نئے بجٹ میں مختلف منصوبوں، سرمایہ کاری اور ٹیکس مراعات کے لیے مجموعی طور پر 142.1 ارب کینیڈین ڈالر کی کثیر سالہ مالیاتی گنجائش رکھی گئی ہے۔ حکومت نے 2026-27 کے لیے 603 ارب ڈالر اخراجات اور 62.3 ارب ڈالر خسارے کا تخمینہ پیش کیا ہے۔
معاشی ترقی کے حوالے سے حکومت کا اندازہ ہے کہ کینیڈا کی معیشت 2026 میں ایک فیصد جبکہ 2027 میں 1.7 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کو سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ معاشی سست روی کا بھی سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کی صنعتی معیشت کو بڑا دھچکا،مینوفیکچرنگ شعبہ 2026 میں پہلی مرتبہ سکڑ گیا
بجٹ میں کاروباری سرمایہ کاری کے لیے ٹیکس مراعات، توانائی، بنیادی ڈھانچے، ثقافتی شعبے اور دفاعی صنعت کے لیے بھی رقوم مختص کی گئی ہیں۔ حکومت نے 25 ارب ڈالر کے خودمختار ویلتھ فنڈ اور دفاعی صنعت کے لیے 7.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی شامل کیا ہے۔
کارنی حکومت کا نیا بجٹ محض مالیاتی دستاویز نہیں بلکہ امریکا کے ساتھ تجارتی تناؤ کے دوران کینیڈا کی معاشی حکمت عملی میں تبدیلی کا اظہار بھی ہے۔ حکومت یہ پیغام دے رہی ہے کہ امریکی ٹیرف اور تجارتی فیصلوں کے باعث کینیڈا اپنی برآمدات اور سرمایہ کاری کے لیے متبادل راستے اختیار کرے گا۔
تاہم اصل امتحان یہ ہوگا کہ مجوزہ سرمایہ کاری کتنی جلد عملی منصوبوں میں تبدیل ہوتی ہے اور اس کے اثرات عام شہریوں کی آمدنی، روزگار اور مہنگائی پر کس حد تک مرتب ہوتے ہیں
