اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا میں موسمِ گرما کے آغاز کے ساتھ ہی "کینیڈا اسٹرونگ پاس” دوبارہ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں اور سیاحوں کو 19 جون سے 7 ستمبر تک ملک بھر کے قومی پارکس اور تاریخی مقامات میں مفت داخلہ حاصل ہوگا۔
اس پاس کے ذریعے تمام پارکس کینیڈا سائٹس پر مفت داخلہ دیا جائے گا جبکہ کیمپنگ فیس پر 25 فیصد رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ قومی عجائب گھروں میں 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے داخلہ مفت اور 18 سے 24 سال کی عمر کے افراد کے لیے 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ وی آئی اے ریل کے سفر پر بھی خصوصی رعایتیں دستیاب ہوں گی۔
تاہم یہ سہولت ایسے وقت میں متعارف کرائی گئی ہے جب کینیڈا کے مشہور سیاحتی مقام بنف میں سیاحوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ 2025-26 کے مالی سال کے دوران 45 لاکھ سے زائد افراد نے بنف کا رخ کیا، جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بنف کی میئر کوری ڈِی مانو نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں شہر سے باہر پارک کریں یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا، "ہمارے پاس یہ اعداد و شمار موجود نہیں کہ گزشتہ سال اس پاس اور سیاحوں کی تعداد میں کتنا تعلق تھا، لیکن ہم یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ بنف کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔”
میئر کے مطابق بنف کی "روم پبلک ٹرانزٹ” سروس سے 2025 کے دوران 30 لاکھ سے زائد افراد نے سفر کیا، اور وہ امید کرتی ہیں کہ اس سال بھی زیادہ تر سیاح اسی نظام کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے "کار فری بنف” ویب سائٹ کو بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے سیاح بغیر ذاتی گاڑی کے بنف کا سفر کرنے اور گھومنے پھرنے کے لیے مکمل رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب سیاحتی کمپنی اینڈرسن ویکیشن کے آپریشنز مینیجر واسیل ولادنسکی کا کہنا ہے کہ بنف کی سیر کافی مہنگی ثابت ہو سکتی ہے اور ہجوم کی وجہ سے کئی عملی مشکلات بھی پیش آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اخراجات کم کرنے اور رش سے بچنے کے لیے سیاح اکتوبر یا نومبر میں سفر کر سکتے ہیں یا پھر صبح سویرے اور شام کے اوقات میں مقامات کی سیر کا منصوبہ بنا سکتے ہیں۔
کینیڈا اسٹرونگ پاس 7 ستمبر تک دستیاب رہے گا، جس کے ذریعے شہری قومی پارکس، تاریخی مقامات اور دیگر تفریحی سہولیات سے مفت یا رعایتی نرخوں پر استفادہ کر سکیں گے۔