اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر کیلگری کی سٹی کونسل نے وفاقی حکومت سے بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور تفریحی منصوبوں کے لیے 80 کروڑ ڈالر سے زائد فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔
مجوزہ درخواست میں 190 ملین ڈالر بیئرزپا ساؤتھ فیڈر مین منصوبے، 170 ملین ڈالر پانچ تفریحی مراکز کی تعمیر اور 80 ملین ڈالر بلیو لائن ایل آر ٹی توسیعی منصوبے کے لیے مانگے گئے ہیں۔
یہ درخواست وفاقی بجٹ سے قبل حکومت کو بھیجے جانے والے خط کا حصہ ہے، جس کے بارے میں شہر کا کہنا ہے کہ اس سال تمام منصوبے فوری طور پر شروع کیے جا سکتے ہیں۔
وارڈ 4 کے کونسلر ڈی جے کیلی نے کہا کہ حکومت کی دیگر سطحوں کے پاس آمدنی کے کئی ذرائع ہوتے ہیں، جبکہ کیلگری شہر کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ صرف پراپرٹی ٹیکس ہے۔
وارڈ 11 کے کونسلر روب وارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مارک کارنی نے ملک بھر کے شہروں میں ٹرانزٹ اور بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم اب دیکھنا ہوگا کہ حکومت عملی اقدامات کیا کرتی ہے۔
دوسری جانب بعض کونسلرز کا خیال ہے کہ شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر وفاقی حکومت سے مزید فنڈز طلب کیے جانے چاہییں۔ کونسلر جان پینٹازوپولوس نے کہا کہ اگلے چار سال میں شہر کو تقریباً 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ درکار ہوگا اور اس مقصد کے لیے مزید حکومتی معاونت ناگزیر ہے۔
ادھر شہر کے گورنمنٹ ریلیشنز شعبے کی منیجر کیلی کوٹ نے کہا کہ صرف خطوط لکھ کر فنڈز حاصل کرنے کی حکمت عملی اب پہلے جتنی مؤثر نہیں رہی، اور اب مختلف حکومتوں کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
فنڈنگ کی یہ درخواست اب مکمل سٹی کونسل کے ووٹ کے لیے پیش کی جائے گی اور منظوری کی صورت میں جولائی میں وفاقی حکومت کو ارسال کر دی جائے گی۔
