اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 136 اموات ہو چکی ہیں جن میں 56 مرد، 47 بچے اور 33 خواتین شامل ہیں جب کہ بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 70 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 13535 مکانات کو نقصان پہنچا اور 3406 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے، مختلف اضلاع میں 16 پل اور 640 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلڈ چینلز میں بہہ جانے سے 23 ہزار 13 مویشی ہلاک ہوئے، فلڈ چینلز سے 8 ڈیم اور کئی سیفٹی ڈیم متاثر ہوئے جب کہ بارشوں سے 198 ہزار ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔