اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وسطی غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک امریکی شہری سمیت تین یرغمالی مارے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز نصرت کیمپ آپریشن میں 4 مغویوں کو رہا کر دیا۔ اس کارروائی میں اسرائیلی فوج نے 274 فلسطینیوں کا قتل عام کیا۔عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈز نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے لیے مغویوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پر جاری کی گئی ویڈیو میں حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو اس وقت تک رہا نہیں کیا جائے گا جب تک ہمارے قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے نصرت کیمپ میں آپریشن کر کے وہاں موجود 4 اسرائیلی شہریوں کو بازیاب کرایا ہے۔دوسری جانب حماس کے عہدیدار نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 یرغمالیوں کو 8 ماہ بعد رہا کرنا کامیابی نہیں بلکہ اسرائیل کی ناکامی ہے۔