اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )گلگت بلتستان کے علاقے شونٹر ٹاپ میں برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ڈی آئی جی پولیس طفیل احمد کے مطابق خانہ بدوش آزاد کشمیر کے راستے استور کی طرف آرہے تھے کہ شونٹر ٹاپ پر برفانی تودے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ ہوئیں، برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت شونٹر ٹاپ پر برفانی تودہ گرنے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے انتظامیہ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کو لینڈ سلائیڈنگ کے نیچے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔
خالد خورشید نے سیکرٹری داخلہ، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام کو فوری طور پر استور پہنچنے اور کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان بھی جلد متاثرہ علاقے کا دورہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نیچے دبے لوگوں کی تلاش اور ریسکیو کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔