اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان ایک بار پھر قانونی پیچیدگی میں پھنس گئے ہیں راجستھان کے شہر کوٹا کی کنزیومر کورٹ نے اداکار کو پان مسالہ کے اشتہار کے معاملے پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ راج شری کمپنی کی اسپائسی مصنوعات کی تشہیر کر رہے ہیں، جن کے ایک اشتہار میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ “اسپائس کا ہر دانہ سیفرون پر مشتمل ہے”۔ اسی اشتہار پر تنازع کھڑا ہوا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سلمان خان ایک بڑی شخصیت ہیں، اور ان کے اشتہارات نوجوانوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ممالک میں نامور شخصیات تمباکو یا پان مسالہ جیسی مصنوعات کی تشہیر نہیں کرتیں، جبکہ بھارت میں فلمی ستارے ایسے اشتہارات کے ذریعے نوجوان نسل کو گمراہ کن پیغام دیتے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق پان مسالہ منہ کے سرطان کی ایک بڑی وجہ ہے، اس لیے ایسی مصنوعات کی ترویج پر پابندی ہونی چاہیے۔
بی جے پی رہنما اور راجستھان ہائی کورٹ کے وکیل اندرموہن سنگھ ہنی نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی کا دعویٰ غیر حقیقی ہے۔ “ایک کلوگرام سیفرون کی قیمت تقریباً چار لاکھ روپے ہے، جب کہ پان مسالہ صرف پانچ روپے میں فروخت ہوتا ہے، اس لیے یہ اشتہار عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
عدالت نے اس معاملے پر سلمان خان اور کمپنی دونوں فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے جب کہ کیس کی اگلی سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔