ٹورنٹو کے سات پولیس افسران اور ایک ریٹائرڈ افسر پر کرپشن اور منظم جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات

اردوورلڈ کینیڈا(ویب نیوز)ٹورنٹو پولیس کے سات حاضر سروس افسران اور ایک ریٹائرڈ افسر پر پولیس کرپشن اور منظم جرائم سے متعلق ایک بڑے مقدمے میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جس میں قتل کی سازش، فائرنگ، بھتہ خوری اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔

یارک ریجنل پولیس کے چیف جم میک سوین کے مطابق سات ماہ تک جاری رہنے والی اس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ پولیس افسران نے غیر قانونی طور پر خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کی، جو بعد ازاں جرائم پیشہ عناصر کو فراہم کی گئیں۔ انہی معلومات کی بنیاد پر فائرنگ اور دیگر پرتشدد جرائم کیے گئے۔

چیف میک سوین نے کہایہ دن پولیسنگ کے لیے انتہائی افسوسناک اور مایوس کن ہے، تاہم یہ تحقیقات اس بات کو بھی اجاگر کرتی ہیں کہ منظم جرائم کس قدر خاموشی سے اور تباہ کن انداز میں اداروں کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔”

تحقیقات کا آغاز جون 2025 میں اس وقت ہوا جب ایک اونٹاریو کریکشنل انسٹیٹیوشن میں کام کرنے والے جیل انتظامیہ کے ایک رکن کو قتل کرنے کی سازش سامنے آئی۔

یارک ریجنل پولیس کے ڈپٹی چیف برائن ہوگن کے مطابق36 گھنٹوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد، مبینہ طور پر اس افسر کو قتل کرنے کے ارادے سے، یارک ریجن میں اس کے گھر کے قریب موجود رہے۔”

بعد ازاں ایک گاڑی کے یارک ریجنل پولیس کی نشان زدہ گاڑی سے ٹکرانے کے بعد تین مشتبہ افراد، جن میں دو کم عمر نوجوان شامل تھے، گرفتار کر لیے گئے۔

تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ٹورنٹو پولیس کے کانسٹیبل ٹیمتھی بارن ہارٹ نے مبینہ طور پر متاثرہ شخص سے متعلق خفیہ معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کی تھیں۔

یارک ریجنل پولیس کے مطابق، خفیہ معلومات کے افشا ہونے کے فوراً بعد “تقریباً حقیقی وقت میں” متعدد سنگین جرائم پیش آئے، جن میں سات فائرنگ کے واقعات، بھتہ خوری اور کمرشل ڈکیتیاں شامل ہیں۔

پولیس بیان میں کہا گیاکئی معاملات میں یہ بات سامنے آئی کہ جن پتوں کی معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کی گئیں، بعد میں وہی مقامات مجرمانہ سرگرمیوں کا مرکز بنے، جن میں فائرنگ، بھتہ خوری اور ڈکیتیاں شامل ہیں۔”

یہ معلومات مبینہ طور پر برائن ڈا کوسٹا اور دیگر افراد کو فراہم کی گئیں، جنہیں بھی گرفتار کر کے چارج کیا جا چکا ہے۔

ڈپٹی چیف ہوگن کے مطابق ہماری تحقیقات کے مطابق مسٹر ڈا کوسٹا گریٹر ٹورنٹو ایریا میں سرگرم ایک بڑے مجرمانہ نیٹ ورک کی مرکزی شخصیت ہے، جس کے بین الاقوامی روابط بھی موجود ہیں۔”

تین پولیس افسران اور ایک ریٹائرڈ افسر پر خفیہ معلومات تک غیر قانونی رسائی اور ان کی ترسیل سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ستمبر میں وان میں فائرنگ کے ایک واقعے کے موقع پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ فرانزک جانچ میں یہ اسلحہ جنوبی اونٹاریو میں کم از کم آٹھ فائرنگ کے واقعات سے منسلک پایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کے پاس وہ خفیہ معلومات موجود تھیں جو کانسٹیبل بارن ہارٹ نے حاصل کی تھیں، اور انہی معلومات کی بنیاد پر دیگر افراد کو جرائم کے لیے بھرتی کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ بعض ٹورنٹو پولیس افسران مبینہ طور پر غیر قانونی کینابس ڈسپنسریوں کی حفاظت کے لیے رشوت وصول کر رہے تھے تاکہ ان کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کو روکا جا سکے۔

تین ٹورنٹو پولیس افسران پر کوکین کی اسمگلنگ سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جبکہ کانسٹیبل ڈیرک مک کارمک پر ذاتی اشیاء چرانے کا الزام ہے، جن میں ڈرائیونگ لائسنس، ہیلتھ کارڈز، پاسپورٹس اور کریڈٹ کارڈز شامل ہیں۔

یارک ریجنل پولیس کے ایک اور سینئر افسر ہوگن (ہاورگن) نے کہا،یہ میرے 28 سالہ پولیس کیریئر کی سب سے پیچیدہ اور چیلنجنگ تحقیقات میں سے ایک ہے، جس میں 400 سے زائد افسران نے حصہ لیا۔”

ٹورنٹو پولیس چیف مائرن ڈیمکیو نے کہا ہے کہ وہ سات میں سے چار افسران کو بغیر تنخواہ معطل کرنے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان الزامات سے عوام کے پولیس پر اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا،اعتماد کی بحالی صرف الفاظ سے ممکن نہیں، اس کے لیے مسلسل محنت، شفافیت اور تبدیلی کے لیے عاجزی ضروری ہے۔”

میئر اولیویا چاؤ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر ٹورنٹو پولیس چیف اور پولیس سروسز بورڈ کی چیئر شیلی کیرول سے ملاقات کریں گی۔

اونٹاریو کے وزیرِ اعلیٰ ڈگ فورڈ نے ان الزامات کو “انتہائی تشویشناک” قرار دیا، تاہم عوام سے اپیل کی کہ وہ مجموعی طور پر پولیس پر اعتماد قائم رکھیں۔واضح رہے کہ تمام الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں