اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نویز ) اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کے بعد امریکا نے پاکستان سے متعلق نیا سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں سفر کرنے والے امریکی شہری عوامی مقامات اور بڑے اجتماعات میں جانے سے گریز کریں اور اپنی ذاتی سکیورٹی منصوبہ بندی کا ازسرِنو جائزہ لیں۔سکیورٹی ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقامی میڈیا اور مستند ذرائع سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔ محکمہ خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔
یہ الرٹ اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی کلاں میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے تباہ کن خودکش دھماکے کے بعد جاری کیا گیا۔ حملے میں 33 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے، جس کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے حملے کے مبینہ افغان ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سہولتکاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک اور شخص کے دم توڑنے سے شہادتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق ایسے واقعات کے بعد غیر ملکی حکومتیں اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتی ہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔