اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)سپریم کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے وکلا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فوری ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر وکیل اور رہنما لطیف کھوسہ نے عدالت سے ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی، تاہم چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے واضح کیا کہ بغیر نوٹس جاری کیے اس نوعیت کا کوئی حکم دینا ممکن نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخواست کی قابلِ سماعت ہونے سے متعلق اعتراضات تاحال موجود ہیں اور پہلے ان قانونی رکاوٹوں کو عبور کرنا ضروری ہے، جبکہ یہ امر بھی مدِنظر رکھا جائے کہ متعلقہ مقدمات دیگر عدالتوں میں زیرِ التوا ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ عدالت نوٹس کے بغیر ملاقات سے متعلق کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتی۔ اسی دوران سپریم کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا، جس کے بعد اس معاملے میں بھی بانی پی ٹی آئی کو فوری ریلیف نہ مل سکا۔