البرٹا،اوٹاوا اور آئل کمپنیوں میں اربوں ڈالر کے کاربن کیپچر منصوبے پر معاہدہ، نئی پائپ لائن کی راہ ہموار

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)البرٹا حکومت، وفاقی حکومت اور آئل سینڈز کی پانچ بڑی کمپنیوں نے اربوں ڈالر مالیت کے "پاتھ ویز کاربن کیپچر اینڈ اسٹوریج” منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔

یہ منصوبہ مجوزہ نئے ویسٹ کوسٹ آئل سینڈز پائپ لائن منصوبے کی ایک اہم شرط قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد پائپ لائن کے ذریعے ممکنہ طور پر بڑھنے والے کاربن اخراج کے اثرات کو کم کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت البرٹا اور وفاقی حکومت ایسی مالیاتی اور ریگولیٹری پالیسیاں متعارف کرائیں گی جو آئل سینڈز کی پیداوار میں اضافے کی حوصلہ افزائی کریں، تاکہ البرٹا سے برٹش کولمبیا کے جنوبی ساحل پر واقع ٹینکر ٹرمینل تک مجوزہ نئی پائپ لائن کو مکمل صلاحیت کے ساتھ استعمال کیا جا سکے۔

اگرچہ اس معاہدے کا اعلان پیر کو کیا گیا، تاہم اس پر 2 جولائی کو دستخط کیے گئے تھے، اسی روز البرٹا حکومت نے اپنے مجوزہ پائپ لائن منصوبے کو وفاقی حکومت کے میجر پراجیکٹس آفس میں باضابطہ طور پر جمع کرایا تھا۔

البرٹا کی وزیر اعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے کہا کہ کینیڈا کی تاریخ کے بڑے قومی منصوبے ہمیشہ شراکت داری کے ذریعے کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ اس بات کی مثال ہے کہ حکومتیں اور صنعت مل کر معیشت کو مضبوط، توانائی کے تحفظ کو بہتر اور ملک بھر میں نئی معاشی مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔

یہ معاہدہ دراصل گزشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت اور البرٹا کے درمیان توانائی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ہونے والے وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے۔

وفاقی وزیر توانائی و قدرتی وسائل ٹم ہاجسن نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران دونوں حکومتیں معاہدے میں کیے گئے وعدوں پر مسلسل عمل کر رہی ہیں، جن میں توانائی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر، کاربن اخراج میں کمی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور کینیڈا کی توانائی خودمختاری کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

وفاقی حکومت نے کاربن کیپچر سے متعلق مختلف آلات پر دستیاب سرمایہ کاری ٹیکس کریڈٹس کی مدت 2035 تک بڑھانے کا وعدہ کیا ہے، جبکہ البرٹا حکومت نے اپنے کاربن کیپچر مراعاتی پروگرام کو بھی حتمی شکل دینے کا اعلان کیا ہے۔

معاہدے کے مطابق پاتھ ویز منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کا بنیادی انفراسٹرکچر یکم جنوری 2032 تک فعال ہو جائے گا، جبکہ پورا منصوبہ 2035 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس منصوبے میں شامل پاتھ ویز الائنس کی رکن کمپنیاں کینیڈین نیچرل ریسورسز، امپیریل آئل، سنکور، سینووَس انرجی اور کونوکو فلپس ہیں۔

پاتھ ویز الائنس کے صدر کینڈل ڈِلنگ نے کہا کہ موجودہ فریم ورک آئل سینڈز صنعت کے لیے مثبت پیش رفت ہے اور اس سے پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاربن کیپچر منصوبے کو عملی شکل دینے میں مدد ملے گی۔

الائنس کے مطابق منصوبہ 2030 کی دہائی کے وسط تک سالانہ تقریباً 60 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جمع کرکے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھے گا۔

اس منصوبے کے تحت شمالی البرٹا میں مختلف آئل سینڈز تنصیبات سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایک خصوصی پائپ لائن نیٹ ورک کے ذریعے کولڈ لیک، البرٹا کے قریب زیرِ زمین ذخیرہ گاہ تک منتقل کیا جائے گا، جہاں اسے مستقل طور پر محفوظ کیا جائے گا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں