اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ٹمبلر رج فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں
Royal Canadian Mounted Police (بی سی آر سی ایم پی) نے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کر دی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور تصاویر شیئر کرنے سے گریز کریں۔ٹمبلر رج ٹاؤن ہال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی آر سی ایم پی کے کمانڈنگ آفیسر ڈپٹی کمشنر Duane McDonald نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض پوسٹس میں ایک بے گناہ شخص کو اس واقعے سے جوڑا جا رہا ہے، جو سراسر غلط اور افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا نام محض مشتبہ ملزم کے نام سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے پھیلایا جا رہا ہے، حالانکہ وہ اس سانحے میں کسی بھی طرح ملوث نہیں۔ڈپٹی کمشنر میک ڈونلڈ نے متاثرہ شخص کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا، “جیلی، ہم جانتے ہیں کہ آپ اس واقعے میں شامل نہیں ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے فراہم کردہ معلومات کو ہی معتبر سمجھا جائے۔
حکام نے زور دیا کہ غیر تصدیق شدہ مواد شیئر کرنے سے نہ صرف تفتیش متاثر ہو سکتی ہے بلکہ بے گناہ افراد کی ساکھ اور سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ پولیس نے شہریوں اور میڈیا نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی معلومات کے لیے سرکاری اپ ڈیٹس کا انتظار کریں۔