اردو رلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کولمبو میں آج ٹی 20 ورلڈکپ کے میچ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان بارش کے امکانات بتدریج کم ہو گئے ہیں
جس کے بعد توقع ہے کہ شائقین کرکٹ پاک بھارت روایتی ٹاکرے سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ابتدائی طور پر مختلف اوقات میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ میچ کے دوران طوفانی بارش کا امکان نہیں ہے۔ بادل چھائے رہیں گے لیکن میچ کے دوران کھیل متاثر ہونے کا خدشہ کم ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ 2026 میں یہ میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں میچ کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور شائقین کو بھرپور کرکٹ کا لطف ملنے کی توقع ہے۔اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بارش ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، تاہم اگر میچ کے اوورز کم بھی ہوتے ہیں تو ٹیم نے اس کے لیے پہلے ہی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ شائقینِ کرکٹ پُرامید ہیں کہ اتوار کے روز ایک دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملے گا۔
اس میچ میں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے میدان میں اتریں گے، اور دونوں ٹیمیں سپن بولنگ اور پیس اٹیک کے ذریعے ایک دوسرے پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ شائقین کے لیے یہ میچ ورلڈ کپ کے سب سے یادگار اور دلچسپ مقابلوں میں سے ایک ثابت ہوگا۔