اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف غزہ میں قیامِ امن سے متعلق قائم کیے گئے عالمی بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہیں اس اہم اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے موصول ہوئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ بورڈ آف پیس کا افتتاحی اجلاس 19 فروری کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوگا، جہاں غزہ کی موجودہ انسانی اور سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی نمائندگان شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جو سفارتی سطح پر پاکستان کا مؤقف پیش کرے گا۔ حکام کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم کی امریکی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ اس اجلاس میں شرکت کو پاکستان کی فعال سفارت کاری اور عالمی امن کوششوں میں کردار کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔