اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ایئر کینیڈا نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری فوجی صورتحال کے باعث اسرائیل اور دبئی کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق کینیڈا سے اسرائیل جانے والی پروازیں آٹھ مارچ تک جبکہ دبئی کے لیے پروازیں تین مارچ تک منسوخ رہیں گی۔فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کے مطابق اپنے پروازوں کے نظام میں تبدیلی کرے گی۔ مسافروں کو مزید معلومات کے لیے کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ دیکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد خطے بھر میں فضائی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں جس کے نتیجے میں یورپ، افریقہ اور مغربی دنیا کو ایشیا سے ملانے والے اہم ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں رک گئیں۔
دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر چار افراد زخمی ہوئے جبکہ اماراتی حکام نے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیا۔ خطے کے دیگر ہوائی اڈوں، بشمول کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ، پر بھی کشیدگی کے باعث پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
وفاقی حکومت نے اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، خاص طور پر ایران، اسرائیل، لبنان، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، عراق، شام اور یمن کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ اردن، سعودی عرب اور عمان کے غیر ضروری سفر سے بھی پرہیز کرنے کو کہا گیا ہے۔