مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے خدشات، شہباز شریف کا بڑا اعلان، دفاتر میں ہفتے کی تین چھٹیاں اور اسکول دو ہفتے بند

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ توانائی بحران کے پیشِ نظر ملک میں ہنگامی نوعیت کے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سرکاری اور نجی دفاتر میں ہفتے کے دوران تین دن کی تعطیلات دی جائیں گی جبکہ پچاس فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے اسکولوں میں دو ہفتوں کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ توانائی کے استعمال کو کم کیا جا سکے اور ممکنہ بحران سے نمٹنے کی تیاری کی جا سکے۔

وزیرِاعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ قوم سے ایک انتہائی سنجیدہ اور خطرناک صورتِ حال کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اس وقت شدید کشیدگی اور جنگی حالات کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع، بے گھر ہونے والے خاندانوں کی مشکلات اور خطے میں امن کو لاحق خطرات انتہائی تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کشیدہ صورتِ حال کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور چاہتا ہے کہ تمام تنازعات مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔ وزیرِاعظم نے اس موقع پر ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے واقعات پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج سپہ سالار سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیرِاعظم نے ایران میں اسرائیلی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر معصوم ایرانی شہریوں کی شہادت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو شدید دکھ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایران پر حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب، قطر، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور آذربائیجان سمیت تمام برادر اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی سلامتی اور استحکام کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔

وزیرِاعظم نے عالمی توانائی منڈی کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی سے پہلے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تقریباً ساٹھ ڈالر فی بیرل تھی جو اچانک بڑھ کر سو ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان کے مطابق اگر جنگی حالات مزید خراب ہوئے تو قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں پر پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، زراعت، صنعت اور ٹرانسپورٹ کا بڑا انحصار خلیجی ممالک سے آنے والی گیس اور تیل پر ہے۔ اسی لیے حکومت نے توانائی کے استعمال کو کم کرنے اور ممکنہ معاشی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے ہیں۔

وزیرِاعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عالمی حالات کے باوجود ملک کی معیشت کو مستحکم رکھنے اور عوام کو ممکنہ بحران سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں