اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اہم امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے باضابطہ دستخط انیس جون کو سوئٹزرلینڈ میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ طویل سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ممالک ایک ایسے معاہدے پر متفق ہوئے ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں فریقوں نے مختلف محاذوں پر جاری عسکری سرگرمیوں کو فوری اور مستقل طور پر ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اعلامیے میں لبنان سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
Following intensive talks, we are pleased to announce that the Peace Deal between the United States of America and Islamic Republic of Iran has been REACHED. Both sides have declared the immediate and permanent termination of military operations on all fronts, including in…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 14, 2026
سرکاری اعلامیے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب انیس جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی، جہاں مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اعلامیے میں ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے تنازع کے پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔
اعلامیے میں قطر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ اس عمل میں قطر کی قیادت اور معاونت نہایت اہم رہی۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت نے بھی مذاکرات کو کامیاب بنانے اور فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے کے بعد ثالثی میں شامل ممالک آئندہ چند روز کے دوران متعدد مشاورتی ملاقاتوں کا اہتمام کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں معاہدے پر عمل درآمد کے مختلف پہلوؤں، تکنیکی امور اور دستخطی تقریب کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا تاکہ طے شدہ نکات کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ اور سفارتی حل کی حمایت کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے قطر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادر ملک نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں اہم معاونت فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق معاہدے کی باضابطہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کے لیے سرگرم سفارتی کردار ادا کیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی مختلف سطحوں پر رابطوں اور مشاورت کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
سیاسی اور سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر معاہدے پر کامیابی سے عمل درآمد ہوتا ہے تو اس کے اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی امن اور علاقائی استحکام پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہو سکتے ہیں۔