اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان بھر میں شوال المکرم چودہ سو سینتالیس ہجری کا چاند جمعرات کو نظر نہیں آیا، جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ عید الفطر اکیس مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقام سے شوال کے چاند کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عید الفطر اکیس مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو مجموعی طور پر چھ شہادتیں موصول ہوئیں، جن میں پانچ ٹیلیفون کے ذریعے دی گئیں اور ایک شخص خود پیش ہوا، تاہم یہ تمام شہادتیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں لیکن شرعی معیار پر پوری نہیں اتریں۔مزید برآں ملک کے کسی اور زونل کمیٹی کو بھی شوال کے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔