اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں اور ایرانی عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد دی۔ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم کے جذبات کا پرتپاک جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے جاری کشیدگی کے پیش نظر بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحت یابی اور سلامتی کے لیے دعا کی، جبکہ خلیجی ممالک میں صورتِ حال پر گہری تشویش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی طرف فوری واپسی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے اور اُمت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے، جو اس وقت خاص طور پر ضروری ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار جاری رکھے گا۔