اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد از جلد اجراء اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول اور غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جائیں گے۔
سالک حسین نے کہا کہ سپین کی اس سکیم سے تقریباً 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے، اور اس موقع پر انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سہولت فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مجرم یا مطلوب ملزم کو ہرگز پاسپورٹ نہ جاری کیا جائے، اور سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فوری فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ، نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو آسان اور تیز تر بنایا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں، اور سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔