اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے پیشِ نظر انتہائی اہم دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس دورے کی دعوت چینی وزیرِخارجہ نے دی ہے، جہاں دونوں رہنما پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات کریں گے۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کو علاقائی صورتِ حال کے علاوہ دو طرفہ اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔ پاکستان اس دوران مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
حالیہ سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی کشیدگی کم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے موضوعات پر مفصل بات چیت ہوئی اور تمام فریقین نے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو چکا ہے اور اگلا دور جلد شروع کیا جائے گا، جس میں دی گئی تجاویز پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔