البرٹا میں 100 ڈالر انرجی ریبیٹ کی درخواستیں شروع، لاکھوں شہری مستفید ہوں گے

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)البرٹا حکومت نے صوبے بھر کے رہائشیوں کے لیے ایک مرتبہ ملنے والے البرٹا انرجی ریبیٹ پروگرام کے تحت درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں، جس کے تحت ہر اہل البرٹن کو 100 ڈالر کی براہ راست ادائیگی کی جائے گی تاکہ ایندھن، اشیائے خورونوش، یوٹیلیٹی بلوں اور دیگر گھریلو اخراجات میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

حکومت کے مطابق یکم جولائی سے 30 ستمبر تک اہل افراد محفوظ آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ٹریژری بورڈ کے صدر اور وزیر خزانہ جیسن نکسن نے کہا کہ البرٹا انرجی ریبیٹ صرف ایندھن کے اخراجات تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ البرٹنز کو بروقت مالی مدد فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق براہ راست ادائیگیوں کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مالی ریلیف زیادہ سے زیادہ افراد تک فوری طور پر پہنچے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ریبیٹ اوسط البرٹن کو تین ماہ کے فیول ٹیکس ریلیف کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ بچت فراہم کرے گی، جبکہ تقریباً 34 لاکھ البرٹن اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

اہلیت کی شرائط

البرٹا انرجی ریبیٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندہ کا:

  • عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہونا ضروری ہے۔
  • البرٹا کا رہائشی ہونا اور تصدیق شدہ Alberta.ca اکاؤنٹ رکھنا لازم ہے۔
  • 2025 کا ٹیکس ریٹرن جمع کرایا ہو۔
  • سالانہ گھریلو آمدنی 225 ہزار ڈالر یا اس سے کم ہو۔

حکومت کے مطابق اس پروگرام میں ایک گھرانے سے مراد ایک فرد یا ایسے دو افراد ہیں جو شادی شدہ ہوں یا کامن لا پارٹنرشپ میں رہتے ہوں۔

البتہ ایک ہی پتے پر رہنے والے روم میٹس، 18 سال یا اس سے زائد عمر کے بچے یا دیگر بالغ افراد اگر شادی شدہ یا کامن لا پارٹنرز نہیں ہیں تو انہیں الگ گھرانہ تصور کیا جائے گا، اور ہر بالغ کو اپنی الگ درخواست جمع کرانا ہوگی۔

کن افراد کو خودکار ادائیگی ہوگی؟

حکومت نے بتایا ہے کہ البرٹا سینئرز بینیفٹ، AISH، البرٹا ڈس ایبلٹی اسسٹنس پروگرام (ADAP) اور یکم جولائی سے انکم سپورٹ حاصل کرنے والے افراد کو اس ریبیٹ کے لیے خودکار طور پر شامل کر لیا جائے گا، انہیں علیحدہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

درخواست دینے کا طریقہ

درخواست دینے کے لیے پہلے اپنے تصدیق شدہ Alberta.ca اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں یا نیا اکاؤنٹ بنائیں۔ اس کے بعد یہ یقینی بنائیں کہ آپ کے البرٹا ڈرائیور لائسنس یا شناختی کارڈ پر درج ڈاک کا پتہ Alberta.ca اکاؤنٹ میں موجود معلومات سے مطابقت رکھتا ہو، پھر آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کریں۔

اہم معلومات

  • درخواستیں یکم جولائی سے 30 ستمبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
  • اہل درخواست دہندگان کو منظوری کے بعد 14 دن کے اندر انٹراک ای ٹرانسفر کے ذریعے ادائیگی کر دی جائے گی۔
  • جن افراد کے پاس ای ٹرانسفر کی سہولت موجود نہیں، انہیں اپنے بینک سے رابطہ کرکے یہ سہولت فعال کرانی ہوگی۔
  • یہ ریبیٹ ناقابلِ ٹیکس ہے اور اس سے کسی بھی وفاقی یا صوبائی مالی معاونت یا فوائد کی اہلیت متاثر نہیں ہوگی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں