ایران جنگ،کینیڈا کی معاشی شرح نمو کی پیش گوئی میں 20 فیصد کمی

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ نے عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے

جس کے اثرات کینیڈا کی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ڈیلوئٹ کینیڈا نے اپنی تازہ رپورٹ میں 2026 کے لیے کینیڈا کی معاشی شرح نمو (جی ڈی پی) کی پیش گوئی میں 20 فیصد کمی کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب کینیڈا کی معیشت 2026 میں 1.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، جبکہ اس سے قبل یہ اندازہ 1.5 فیصد لگایا گیا تھا۔ گزشتہ سال یہ شرح 1.7 فیصد رہی تھی۔ڈیلوئٹ کی چیف اکانومسٹ ڈان ڈیجارڈنز کے مطابق معیشت کو درپیش چیلنجز میں امریکہ کے ساتھ تجارتی کشیدگی اور ایران جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان عوامل نے کاروباری سرگرمیوں اور صارفین کے اعتماد کو متاثر کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ کینیڈا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1.80 کینیڈین ڈالر فی لیٹر سے بڑھ گئی ہے، جو تقریباً چار سال کی بلند ترین سطح ہے۔رپورٹ کے مطابق توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے سپلائی چین کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور کاروباری سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔ صارفین بھی محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں جس کے باعث اخراجات میں سست روی دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران جنگ طول پکڑتی ہے یا توانائی کی قیمتیں بلند رہتی ہیں تو اس کے مزید منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ تاہم امید ظاہر کی گئی ہے کہ سال کے دوسرے حصے میں حالات میں کچھ بہتری آ سکتی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کینیڈا، امریکہ اور میکسیکو کے درمیان تجارتی معاہدے میں ممکنہ تبدیلیاں بھی معیشت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، خاص طور پر اگر ٹیرف برقرار رہے۔
لیبر مارکیٹ کے حوالے سے اندازہ ہے کہ 2026 کے آخر تک بے روزگاری کی شرح 6.3 فیصد تک آ سکتی ہے، جبکہ فروری میں یہ 6.7 فیصد رہی۔ مینوفیکچرنگ شعبہ دباؤ کا شکار ہے، جبکہ ہیلتھ کیئر میں ملازمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ہاؤسنگ سیکٹر میں بھی سست روی متوقع ہے۔ 2026 میں نئے گھروں کی تعمیر کم ہو کر 243 ہزار یونٹس تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ ٹورنٹو اور وینکوور جیسے شہروں میں تعمیراتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر حکومتی اخراجات، انفراسٹرکچر منصوبے اور کاروباری سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے تو 2027 میں معیشت میں بہتری آ سکتی ہے۔مجموعی طور پر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کینیڈا کی معیشت کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں، تاہم مستقبل میں بہتری کی امید برقرار ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں