اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 فضائی اڈوں اور ایک ٹیکنالوجی کمپنی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق یہ حملے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 90 ویں لہر کے تحت کیے گئے، جس میں خطے میں موجود امریکا اور اسرائیل کے فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی حکام نے بیان میں کہا کہ بحرین میں قائم ایک بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سینٹر پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے بعد کمپنی نے خطے سے اپنے عملے اور آپریشنز کو واپس بلانے کا اعلان کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل میدانِ جنگ میں شکست کے بعد خطے میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اور وہ براہِ راست کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ٹارگٹڈ حملوں اور دہشت گردی کا سہارا لے رہے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو مزید کمپنیوں اور اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایرانی حکام نے امریکی صدر کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مزید سخت اور وسیع کارروائیاں کی جا سکتی ہیں تاکہ خطے میں ایران کی حکمت عملی اور سلامتی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
یہ دعویٰ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور عالمی برادری ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید غیر مستحکم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔