اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو کے ترجمان کے مطابق ساہیوال میں دو مختلف واقعات میں دیواریں گرنے سے ایک خاتون اور بچہ زخمی ہو گئے۔ سرگودھا میں دو مختلف حادثات میں چھتیں گرنے سے 55 سالہ عمر حیات جاں بحق ہو گئی جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔
چنیوٹ میں دو مختلف چھت گرنے کے واقعات میں 40 سالہ خالدہ جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔ بھکر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ میانوالی میں موسلادھار بارش کے دوران ایک بس سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے۔
فیصل آباد میں دو چھتیں گرنے کے واقعات میں تین افراد زخمی ہوئے، حافظ آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ ملتان میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔