اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا نے یوکرین کے لیے 51 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کر دیا ہے
جو روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران انسانی اور ادارہ جاتی مدد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دی جائے گی۔ یہ اعلان دارالحکومت اوٹاوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جہاں حکام نے امدادی پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی ترقی کے سیکریٹری رندیپ سرائے نے بتایا کہ اس امداد میں سے 32 ملین ڈالر انسانی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے، جو ریڈ کراس، اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے ضرورت مند افراد تک پہنچائے جائیں گے۔ ان اداروں کے ذریعے جنگ سے متاثرہ افراد کو خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پیکیج میں 5 ملین ڈالر یوکرین کے سابق فوجیوں کی بحالی اور ان کی معاونت کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 6 ملین ڈالر ملک میں انتخابی نظام کی تیاری اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 5 ملین ڈالر یو این ویمن کو فراہم کیے جائیں گے، تاکہ خواتین اور بچوں کی مدد اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند بھی موجود تھیں، جنہوں نے یوکرین کے ساتھ کینیڈا کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ امداد روس کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں یوکرین کی فوری ضروریات کو پورا کرنے اور اس کے اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے آغاز سے اب تک کینیڈا یوکرین کو مجموعی طور پر تقریباً 26 ارب ڈالر کی مالی، عسکری اور انسانی امداد فراہم کر چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نئی امداد نہ صرف جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کرے گی بلکہ یوکرین کی بحالی اور مستقبل کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔