اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشیں متوقع ہیں، جن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔
موسمی ماہرین کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگا اور یہ سلسلہ 9 اپریل تک بالائی علاقوں میں اثرانداز رہنے کا امکان رکھتا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں جیسے پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں 5 سے 7 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کے آثار ہیں۔
سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے اضلاع استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بھی بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو متنبہ کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں موسمی حالات کے مطابق احتیاطی اقدامات کریں اور سیلابی یا برفباری والے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔