اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی خور فکان بندرگاہ کی جانب فائر کیے گئے میزائل اور پروجیکٹائل کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت دیگر افراد کے زخمی ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے اماراتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور خطے میں تحمل پیدا کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
اماراتی میڈیا آفس نے اطلاع دی تھی کہ بندرگاہ پر کامیاب فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے آگ بھڑک اٹھی، جسے ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے کنٹرول کر لیا۔ اس واقعے میں ایک نیپالی شہری شدید زخمی ہوا، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تین پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے وضاحت کی ہے کہ ملک بھر میں سنائی دینے والی دھماکہ خیز آوازیں فعال فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے نتیجے میں ہیں، جس نے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنایا۔ وزارت کے مطابق ملک کا فضائی دفاعی نظام مؤثر طریقے سے متعدد ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو روکتا رہا اور موجودہ خطرات کا مقابلہ جاری ہے۔
اس حملے نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے، اور پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا عزم ظاہر کیا ہے۔