اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو تین ارب ڈالر کی مالی معاونت آئندہ ہفتے تک ملنے کی توقع ہے، جو اضافی مالی ذخائر کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ان کی سعودی وزیر خزانہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جبکہ اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو اسلام آباد میں بھی اسی معاملے پر گفتگو ہو چکی تھی۔ ان کے مطابق سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ رقم اضافی ڈپازٹس کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ مالی معاونت آئندہ ہفتے تک موصول ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے تقریباً ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کی ادائیگیاں بھی کی ہیں اور تمام مالی ذمہ داریاں وقت پر پوری کی جا رہی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اب یہ مالی معاونت سالانہ توسیع کے بجائے دو ہزار اٹھائیس تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت مالی استحکام کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور بیرونی مالی تعاون اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔