فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا اہم دورہ مکمل، خطے میں امن کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کا تین روزہ سرکاری دورہ ایران کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، جس کے دوران خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پائیدار امن کے قیام پر گفتگو کی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی، جہاں علاقائی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان تمام ملاقاتوں میں کشیدگی میں کمی، مسائل کے پرامن حل اور مسلسل سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا، جبکہ بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسائل کے حل کیلئے مکالمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن صرف بات چیت اور تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی کو سراہا اور پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں جاری تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور دیرپا امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں