اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی جائزہ اجلاس میں صوبے کے صحت کے نظام میں جاری بڑے منصوبوں اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل صحت منصوبے کلینک آن وہیلز کے تحت اب تک ایک کروڑ بیاسی لاکھ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح ستر لاکھ الٹراساؤنڈ اور بارہ لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔ فیلڈ ہسپتالوں میں اٹھائیس لاکھ مریضوں نے علاج حاصل کیا جبکہ چار لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد لیب ٹیسٹ اور ایک لاکھ ستر ہزار سے زیادہ ایکسرے اور الٹراساؤنڈ کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو گھر بیٹھے دو ماہ کی انسولین فراہم کی گئی، جبکہ ہیپاٹائٹس اور تپ دق کے ہزاروں مریضوں کو بھی گھر تک ادویات پہنچائی گئیں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں بنیادی صحت کے نظام کی بہتری کیلئے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔ فیز ون اور فیز ٹو کے تحت ہزاروں مراکز صحت کی ری ویمپنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ فیز تھری میں سینکڑوں مراکز کی تعمیر و بحالی تیزی سے جاری ہے۔
صوبے بھر میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے چھ کروڑ تیس لاکھ افراد کا ڈیٹا رجسٹر کیا ہے جبکہ لاکھوں گھروں اور خاندانوں سے متعلق معلومات بھی اکٹھی کی گئی ہیں۔ اسی طرح ہزاروں علاقوں کی نقشہ بندی مکمل کی جا چکی ہے۔
دل کے امراض کے علاج کیلئے مختلف اضلاع میں کیتھ لیب منصوبے بھی جاری ہیں، جن میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور دیگر جدید طریقہ علاج کے ہزاروں پروسیجر کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ضلعی ہسپتالوں میں فالج کے علاج کیلئے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں اور تمام مراکز صحت کی ری ویمپنگ اسی سال مکمل کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے سرکاری ہسپتالوں میں نرسنگ ڈگری پروگرام کیلئے نشستیں بڑھانے کی بھی ہدایت دی تاکہ طبی عملے کی کمی کو پورا کیا جا سکے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔