اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ بات چیت کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گفتگو میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے امریکی-ایرانی رابطوں میں جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات ہوئی۔ اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری پیش رفت ناگزیر ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا اور ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ جنگ بندی اور خطے میں امن کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔