کینیڈا کی معروف ایئرلائن ویسٹ جیٹ نے اپنے سامان (بیگج) کی فیس میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد مسافروں کے لیے ہوائی سفر پہلے سے زیادہ مہنگا ہو گیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نئی فیسوں کا اطلاق 23 اپریل کے بعد کی جانے والی بکنگ پر فوری طور پر ہو گا۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ آپریشنل اخراجات میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔نئے ٹیرف کے تحت اگر کوئی مسافر ایئرپورٹ پر بیگ چیک کرتا ہے تو پہلے اور دوسرے بیگ کے لیے اضافی 10 ڈالر ادا کرنا ہوں گے، جبکہ آن لائن یا پیشگی ادائیگی کی صورت میں بھی ہر بیگ پر تقریباً 5 ڈالر اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الٹرا بیسک ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے پہلے بیگ کی فیس اب 60 سے 93 ڈالر اور دوسرے بیگ کی فیس 75 سے 111 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی طرح اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے پہلے بیگ کی فیس 45 سے 81 ڈالر اور دوسرے بیگ کی فیس 60 سے 99 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔بین الاقوامی پروازوں، خصوصاً یورپ اور ایشیا کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو بھی زیادہ فیس کا سامنا کرنا پڑے گا، جہاں ایک بیگ کی قیمت 85 سے 123 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
مزید برآں، زیادہ وزن یا بڑے سائز کے سامان پر بھی فیس میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت بعض صورتوں میں اضافی چارجز 168 ڈالر تک جا سکتے ہیں۔ویسٹ جیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر ایئرلائنز، بشمول ایئر کینیڈا، بھی حالیہ مہینوں میں سامان کی فیس میں اضافہ کر چکی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر ایوی ایشن انڈسٹری بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا کر رہی ہے۔ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، آپریشنل لاگت اور محدود پروازوں کی دستیابی کے باعث آئندہ موسم گرما میں ہوائی سفر مزید مہنگا اور مسافروں کے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔