اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کی توانائی کمپنی Enbridge Inc کو اپنے بڑے گیس پائپ لائن منصوبے کی توسیع کے لیے وفاقی حکومت کی منظوری مل گئی ہے۔
اس منصوبے، جسے “سن رائز پروجیکٹ” کہا جا رہا ہے، پر تقریباً 4 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔کمپنی کے مطابق اس توسیع کے تحت تقریباً 140 کلومیٹر نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جس سے موجودہ نظام کی گنجائش میں یومیہ تقریباً 300 ملین مکعب فٹ گیس کا اضافہ ہو گا۔
یہ پائپ لائن شمال مشرقی برٹش کولمبیا سے گیس کو شمال مغربی البرٹا کے راستے امریکی سرحد تک منتقل کرتی ہے۔حکومتِ کینیڈا، جس کی قیادت وزیر اعظم مارک کارنی کر رہے ہیں نے اس منصوبے کو ملکی توانائی کی سکیورٹی مضبوط بنانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس توسیع سے مستقبل میں مائع قدرتی گیس ( ایل این جی) کی برآمدات کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
دوسری جانب ماحولیاتی تنظیم “ماحولیاتی دفاع کینیڈا”نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ اس طرح کے منصوبے کینیڈا کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس منصوبے پر تعمیراتی کام رواں سال موسمِ گرما میں شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسے 2028 کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔