اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وائٹ ہاؤس عشائیے میں فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت سامنے آگئی، حملہ آور سابق استاد نکلاواشنگٹن میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کرنے والے گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت سامنے آگئی ہے جو ایک سابق استاد بتایا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں فائرنگ کرنے والے شخص کو قانون نافذ کرنے والے اہلکار نے کول تھامس ایلن کے نام سے شناخت کیا، جو لاس اینجلس کا رہائشی ہے۔سماجی ذرائع کے مطابق اکتیس سالہ کول تھامس ایلن ایک معروف تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل ہے اور جز وقتی طور پر تدریس کے شعبے سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی تیاری سے متعلق کام بھی کر رہا تھا۔شہر واشنگٹن کے منتظم اعلیٰ نے بریفنگ میں بتایا کہ مسلح شخص ہوٹل کی لابی میں حفاظتی اہلکاروں کی جانب بڑھا تاہم ایک اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے روک لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مشتبہ شخص ہوٹل میں بطور مہمان موجود تھا، تاہم اس نے حملہ کیوں کیا اور اس کا ہدف کون تھا، یہ امور تاحال زیر تفتیش ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی نگرانی کیمرے کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حملہ آور ہتھیار سمیت اندر کیسے داخل ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس کے پاس ایک بندوق، ایک پستول اور متعدد چاقو موجود تھے۔پولیس کے مطابق ملزم کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی جائے گی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔