اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم صدر محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلٹن ہوٹل میں جاری تقریب کے دوران اچانک زور دار آواز سنائی دی جس کے بعد وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختصر وقت کے لیے ہلچل مچ گئی اور حفاظتی اہلکار فوری طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کر لے گئے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز ہی ہوا تھا کہ اس دوران صدر کو ایک پرچی دکھائی گئی، اسی نوعیت کی اطلاع اس سے قبل ترجمان کیرولائن لیویٹ کو بھی دی گئی تھی، جس کے بعد ماحول میں تشویش دیکھی گئی اور صدر کے قریب بیٹھی ایک خاتون کو حیرت زدہ ہوتے دیکھا گیا۔تقریب میں تقریباً دو ہزار چھ سو سے زائد افراد موجود تھے، فائرنگ جیسی آواز سننے کے بعد متعدد شرکا اپنی جان بچانے کے لیے میزوں کے نیچے چھپ گئے جبکہ حفاظتی اہلکاروں نے فوری طور پر اپنی پوزیشن سنبھال لی۔
اطلاعات کے مطابق ایک مشتبہ شخص مرکزی دروازے کی جانب بھاگا اور ہال کے اندر ایک حفاظتی اہلکار کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں لے لیا۔واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال تھی تاہم حفاظتی اداروں نے نہایت تیزی اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تمام اقدامات متعلقہ اداروں کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا مشتبہ شخص اکتیس برس کا ہے اور ریاست کیلیفورنیا کا رہائشی بتایا جاتا ہے، جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔