اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ملک میں سولر توانائی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے مطابق حکومت نے چھوٹے سولر صارفین پر لائسنس حاصل کرنے کی شرط ختم کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست دی تھی کہ پچیس کلو واٹ اور اس سے کم بجلی پیدا کرنے والے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی شرط ختم کی جائے۔
اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب پچیس کلو واٹ اور اس سے کم صلاحیت والے سولر صارفین کو لائسنس لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس فیصلے کے بعد ان صارفین کے لیے سولر نظام لگانا اور اس سے بجلی پیدا کر کے قومی گرڈ میں شامل کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔
اتھارٹی نے اس فیصلے کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق نئی پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف عام صارفین کو سہولت ملے گی بلکہ ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا اور بجلی کے روایتی نظام پر دباؤ کم ہوگا۔