اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دکانیں اور رہائشی مکانات بہہ گئے جبکہ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی پانی کی زد میں آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق مشتی میلہ کے علاقے میں موسلادھار بارش کے بعد اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ مقامی ذرائع کے مطابق پانی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ راستے میں آنے والی متعدد اشیا اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں، جبکہ کئی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہوئی۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت لاہور میں بھی صبح کے وقت بارش ہوئی، جس کے باعث کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض پہاڑی اور شمالی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ ان علاقوں میں چترال، دیر بالا و زیریں، باجوڑ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ اور کوہستان شامل ہیں، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، خیبر، مہمند، کرم، اورکزئی اور وزیرستان کے اضلاع میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔ چترال، سوات، دیر اور دیگر اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی بارش ہوئی جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلیں۔ پشاور میں ہوا کی رفتار چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کے قریب ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی صورتحال آئندہ دنوں میں بھی جزوی طور پر برقرار رہ سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔